افغانستان کے صوبہ لوگر میں گورنر اور صوبائی انٹیلی جنس چیف کے کانوائے پراتوار کی صبح خودکش بم حملے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں گورنر انور اسحاق زئی اور افغانستان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کے صوبائی چیف محفوظ رہے۔
تاہم صوبائی پولیس ترجمان کے مطابق ان کے کم ازکم 8 محافظ ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔
گورنر اور صوبائی انٹیلی جنس چیف دارالحکومت کابل سے واپس آرہے تھے۔
حملہ لوگر کے ضلع محمد آغا میں سفید سنگ کے علاقے میں ہوا۔
حملے میں گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ ان میں سے ایک بم پروف گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک کار جل کر راکھ بن گئی۔ حملے کے بعد گاڑیوں سے اٹھتا دھواں دور تک دکھائی دیا۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
صوبہ فریاب میں بھی حملہ
افغان طالبان نے صوبہ فریاب میں ایک سیکورٹی قافلے پر حملے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
طالبان کے مطابق یہ حملہ ہفتہ کو عصر کے وقت کیا گیا جس میں 2 ٹینک اور تین گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
ترجمان نےدعویٰ کیا کہ اس حملے میں 10 اہلکار مارے گئے۔