پاکستان ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر چیمپیئن بن گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقدہ ایشیئن جونیئراسکواش چیمپیئن شپ کا فائنل بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 0-2 سے شکست دی۔پاکستانی کھلاڑی فرحان ہاشمی اور عباس زیب نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیت اپنے نام کی۔
پہلے فائنل میں فرحان ہاشمی نے بھارت کے ویر چوٹرانی کو 2-3 سے شکست دی، انہوں نے میچ 2-11، 9-11، 7-11، 11-5، 9-11 سے جیتا۔فائنل مقابلے میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑی سجدہ شکر ادا کر رہے ہیں۔جب کہ عباس زیب نے بھارتی حریف اتکرش بیہانی کے خلاف 0-3 سے فتح سمیٹی، انہوں نے دوسرے فائنل میچ میں 4-11، 2-11، 6-11 سے بھارتی کھلاڑی کو شکست دی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور سجدہ شکر بھی ادا کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے پاکستان اسکواش ٹیم کو ایشین جونیئر چیمپین بننے پر مبارکباد دی ہے،اعلامیہ کے مطابقائیرچیف نے کوچنگ اسٹاف اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کوششوں کو بھی سراہا۔