وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعہ پر قوم کیلئے پیغام جاری کر تے ہوئے کہا کہ سانحہ کے ذمہ داران کا تعین ہونے کے بعد انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں گی ۔
وزیراعظم عمران خان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ساہیوال واقعہ پر پاکستان کے عوام کاغم اور غصہ جائز ہے اور ہم اس کو سمجھ سکتے ہیں ۔
ساہیوال واقعے پر عوام میں پایا جانے والا غم و غصہ بالکل جائز اور قابلِ فہم ہے۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر سے واپسی پر نہ صرف یہ کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی بلکہ میں پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لوں گا اور اس کی اصلاح کا آغاز کروں گا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 21, 2019
انہوں نے کہا کہ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں جب میں دورہ قطر سے واپس آؤں گا تو نہ صرف ذمہ داران کو عبرتناک سزا دلواؤں گا بلکہ میں پنجاب پولیس کے مکمل ا سٹرکچر پر نظر ثانی کروں گا اور محکمے میں اصلاحات کا عمل شروع کروں گا ۔
یاد رہے کہ جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب2 روزقبل سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔