وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ کسی کو بھی ایسے پھانسی نہیں لگا سکتا ، انکوائری رپورٹ آنے دیں ، اس کے بعد ہم سے سوال کیجے گا کہ ہم نے کیا کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ساہیوال وقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ کل شام 5 بجے جے آئی ٹی کو دیئے گئے 72 گھنٹے کل شام پانچ بجے پورے ہو رہے ہیں اور کل شام دوبارہ میٹنگ رکھی ہے ، واقعہ کی پوری رپورٹ موصول ہو جائے گی ۔
عثمان بزدار کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت نے متاثرہ خاندان کیلئے 2کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ بچوں کی کفالت بھی حکومت کرے گی ، متاثرہ خاندان کے ساتھ حکومت کی تمام ہمدردیاں ہیں ۔
صحافی کے سوال پر عثمان بزدار کا کہناتھا کہ کسی کو ایسے پھانسی نہیں لگا سکتا ، انکوائری رپورٹ آنے دیں اس کے بعد ہم سے سوال کیجے گا کہ ہم نے کیا کیا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ ہم نے واقعہ کے فوری بعد جے آئی ٹی بنائی تھی اور وہ 72 گھنٹے کے بعدا پنی رپورٹ پیش کرے گی ۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ساڑھے تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، امن وامان کی صورتحال تسلی بخش نہیں، اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے انتظامیہ اور پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے، پولیس اور انتظامیہ کو مضبوط کریں گے، پولیس کا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اسے عوام دوست رویہ اپنانا چاہیے، سابق دور میں پولیس اور انتظامیہ کیساتھ جو کچھ ہوتا تھا ہم نے نہ وہ کیا ہے، نہ کریں گے، اصلاحات لاکر چیزوں کو بہتر بنایا جائے۔