واٹس ایپ کی جانب سے نیا فیچر متعارف کروا دیا گیا ہے جس کے ذریعے اب دنیا بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین ایک میسج صرف پانچ چیٹ تک فارورڈ کر سکیں گے۔
واٹس کی جانب سے دنیا بھر میں میسج فارورڈ کرنے کی حد کم کر کے اسے پانچ کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اس سے پہلے یہ واٹس ایپ فیچر صرف بھارت کے لئے تھا تاہم پیرکو واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر دنیا بھرمیں لاگو کرنے کا اعلان کیا گیا۔
واٹس ایپ کے پلیٹ فارم کی جانب سے ایک بلاگ میں کہا گیا کہ’آج سے، واٹس ایپ یہ تبدیلی دنیا بھر میں لاگو کردے گا، جیسے کہ واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن میں اب تمام صارفین ایک وقت میں صرف پانچ چیٹ میں میسج فارورڈ کرسکتے ہیں،‘۔
واٹس ایپ کا ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ فیچر میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ
واٹس ایپ نے اس فیچر کا آغاز پہلی مرتبہ جولائی 2018 میں بھارت سے کیا تھا جب واٹس ایپ کی ناکامی کی وجہ سے واٹس ایپ کے پلیٹ فارم پر جعلی اور اشتعال انگیز مواد کے پھیلائو پر بھارتی حکومت کی جانب سے بات کی گئی، جس کے نتیجے میں واٹس ایپ نے پچھلے سال بھارت میں اپنے 200 ملین صارفین کے لئے میسج فارورڈ کرنے کی حد پانچ چیٹ تک نافذ کردی تھی۔
بھارت کے آئی ٹی اورالیکٹرانک منسٹر کی جانب سے واٹس ایپ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے واٹس ایپ ایپلیکشن کو زیادہ موئثربنانے کی درخواست کی گئی جس کے ذریعے احتساب اور قانون نافذ کرنے کی سہولت ممکن ہوسکے اور فارورڈ میسج اور جعلی خبروں کو پہچاننے میں مدد ملے۔
آئی ٹی منسٹر کی جانب سے واٹس ایپ سے یہ بھی درخواست کی گئی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ واٹس ایپ پلیٹ فارم کوناجائز سرگرمیوں کے لئے استعمال نہ کیا جاسکے تاکہ افواہوں سے بھرے غیر ذمہ دارانہ میسج کے ذریعے معصوم لوگوں کو نشانہ نہ بنایا جا سکے۔
جب بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے ملک میں واٹس ایپ کی شکایات کے لئےافسر مقرر نہ کرنے کا مسئلہ اٹھا گیا تو واٹس ایپ کی جانب سے ستمبر 2018 میں’کومل لاہیری‘ کو بھارت میں واٹس ایپ کی شکایات سننے اور اسے واٹس ایپ ہیڈکوارٹر تک پنچانے کے لئےافسر مقرر کیا گیا۔
تاہم اب واٹس ایپ کی جانب سے اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لئے یہ فیچر دنیا بھر میں لاگو کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر میںصارفین کومیسج 20 چیٹ تک فارورڈ کرنے کی اجازت تھی۔