برطانیہ کو شدید برف باری نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث سیکڑوں فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ مزید فلائٹس کے کینسل ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ہزاروں افراد کو اپنی منزلوں پر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔مانچسٹراوردیگر ایئرپورٹ پر بھی سیکڑوں مسافرفلائٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔
دنیابھر کی طرح برطانیہ میں بھی سرد موسم انتہائی شدید ہوگیا ہے،لندن اور یورک شائر سمیت ملک بھر میں کئی دن سے جاری برفباری کے بعددرجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے تک گر گیا۔
برطانیہ کے مختلف حصوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے ،برطانوی محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی حصوں کے لیے آئندہ چند دن میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے مزید برف باری کے خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے ملک کے جنوبی اور شمالی حصوں سمیت اسکاٹ لینڈ کے لیے انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔
برطانوی دارالحکومت لندن اور گریٹر مانچسٹر میں شروع ہونے والی ہلکی پھلکی برف باری شدید اور تیز برف باری میں تبدیل ہوگئی ہےجبکہ بکنگھم شائر، ڈربی شائر، کینٹ، سرے، مڈلینڈز، یورک شائر اور کمبریا میں کئی انچ تک برف پڑچکی ہے۔
کئی دن سے جاری برف باری سے سب سے زیادہ شمالی برطانیہ کے علاقے متاثر ہوئے،ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ برف باری اور بارش کا ملا جلا موسم آہستہ آہستہ ملک بھر میں پھیل رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سخت موسم کا انتباہ جاری کرتے ہوئے گاڑی چلانے والوں اور ٹرین کا سفر کرنے والے مسافروں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔