جھوٹ ،غلط بیانی اور جعلسازی کے الزامات پر معطل ہونے والے کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا کے دوسینئر قانون سازوں کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں
برٹش کولمبیا قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈیری پلیسز کاکہناہے کہ دونوں سینئر قانون سازوں کو دھوکا دہی،ضرورت سے زائد اخراجات ،غیرملکی شاہانہ دوروں اوران دوروں کے دوران شاہانہ اخراجات کے بل کلیم کرنے سمیت نقد ادائیگی،جھوٹ اوراختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کا سامنا ہے۔
قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈیری پلیسز نے تحقیقات کاسامنا کرنے والے ارکان کے متعلق اسمبلی کی قانونی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے جاری 76صفحات کی نظر ثانی رپورٹ جاری کردی ہے۔
قانونی مینجمنٹ کمیٹی کی جاری رپورٹ میں بیان کی گئی اور بتائی گئی تفصیلات اور دیگر شواہد کی بنیاد پراسپیکر ڈیری پلیسز کو یقین ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی عائد کے گئے الزامات کے مرتکب ہوئے ہیںجس پر وہ دونوں ارکان کیخلاف رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس سے رابطہ پر مجبور ہوئے۔
برٹس کولمبیا اسمبلی کی قانون سازمینجمنٹ کمیٹی نے دونوں ارکان سے متعلق رپورٹ کواکثریتی ووٹنگ کے بعد ان پر عائد الزامات کے آڈٹ کی منظوری دی۔
غیرجانب دار اور غیرسرکاری آڈیٹر کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ کے جائزے کے بعد کچھ عرصہ قبل قانون ساز اسمبلی کے سینئرممبر کریگ جیمزاورگرے لینز کو بیس نومبر کو معطل کیا گیا تھا۔
دونوں ارکان پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں ان الزامات کو لغو اورجھوٹ کا پلندا قرار دیا ہے۔