سانحہ ساہیوال پر مسلم لیگ(ن) نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر بنائی گئی جے آئی ٹی رپورٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے اور اس جے آئی ٹی ڈرامے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ سانحہ ساہیوال کی ایف آئی آر میں ملزمان کے نام نہیں ڈالے گئے ہیں جب کہ جن لوگوں کو بے قصور قرار دیا گیا اُن کے نام بھی ایف آئی آر میں ڈال دیے گئے ہیں۔ ملزمان گرفتار ہونے کے باوجود اُن کے نام ایف آئی آر میں نہیں ڈالے گئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ صوبائی وزرا نے جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں کے نام ریڈ بک میں موجود تھے جب کہ دو دہشت گرد فرار ہو گئے۔
انہوں ںے کہا کہ ذیشان کا تعلق دہشت گردوں سے جوڑا جا رہا ہے لیکن ابھی تک یہ ذیشان کا تعلق دہشت گردوں سے جوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں جب کہ وزیر قانون کہتے ہیں کہ آپریشن سو فیصد درست تھا۔