برازیل میں ڈیم ٹوٹنے کے بعد کے مناظر (فوٹو فائل)

برازیل میں ڈیم ٹوٹ گیا، 9 افراد ہلاک، دو سو لاپتہ

جنوب مشرقی برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے 9 افراد ہلاک جبکہ دو سو افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈیم لوہے کی کان پر ٹوٹا۔ ڈیم ٹوٹنے کے نتیجے میں کیچڑ کا سمندر امنڈ آیا جس کی وجہ سے ڈیم کا کیفیٹیریا ڈوب گیا جہاں سینکڑوں مزدور لنچ کر رہے تھے۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جائے وقوعہ پر لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ رومیو زیما کے مطابق لاپتہ افراد کے زندہ مل جانے کے امکانات بہت کم ہیں، ان کے مطابق اب تک 9 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، اور اب بھی لاپتہ افراد کی صرف لاشیں ملنے کے ہی امکانات ہیں۔

برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے پہلے اور بعد کے مناظر (فوٹو فائل)

برازیل کی سب سے بڑی کان کی کمپنی ویل کے مطابق اب تک ڈیم ٹوٹنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

بی بی سی کے مطابق ڈیم جمعہ کو دوپہر ایک بجے کے قریب ٹوٹا، ڈیم سے نکلنے والے کیچڑ کے نتیجے میں قریبی فارمز اور بستیاں تباہ ہوگئیں۔

کیچڑ میں پھنسے درجنوں افراد کو سڑکیں تباہ ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا، سیکیورٹی کی بنا پر قریبی بستیوں کو بھی خالی کرا لیا گیا۔

مقامی فائر فائیٹرز کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد تین سو کے قریب ہے، جبکہ لاپتہ افراد کو ریسکیو کرنے کا کام تاحال جاری ہے۔