نریندرمودی کے دورے پرمقبوضہ کشمیرمفلوج کر دیا گیا ہے، مشعال ملک

حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے پر مقبوضہ کشمیر کو مفلوج کردیا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر پر مشعال ملک نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کے دورے پر مقبوضہ کشمیر مفلوج کر دیا گیا، لوگ گھروں میں بند ہوکر رہ گئے ہیں، اور مقبوضہ کشمیر میں حریت کی تمام قیادت کو نظر بند کر دیا گیا ہے جب کہ مودی کی سیکیورٹی کے لیے شارپ شوٹر تعینات کر دیئے گئے۔

مشعال ملک نے کہا بھارت انسانی حقوق اور جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے ، دنیا کا سب سے بڑا مارشل لا مقبوضہ کشمیر میں ہے ، مودی کشمیر میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لانچ کرنے آرہا ہے، ہندوستان ہمارا خون اور پانی چوس رہا ہے، بھارت نہ صرف آزادی کا حق چھین رہا ہے بلکہ قدرتی وسائل بھی لوٹ رہا ہے۔