برطانیہ سمیت یورپ بھر میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری، نظام زندگی مفلوج

برطانیہ سمیت یورپ بھر میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے،شدید برف باری اورطوفانی بارشوں نے تاریخی ریکارڈ بھی توڑ دیئے ہیں جبکہ حکومتوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بھی بجادی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق برطانیہ میں کئی دن سے جاری شدید برف باری کے باعث شدید سردی کی شدت برقرار ہے اوردرجہ حرارت مسلسل کم ہوتا جارہا ہے۔

برطانوی نشریاتی اداروں کاکہنا ہےکہ اسکاٹ لینڈ کے شمال میں درجہ حرات منفی 14سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ 24 گھنٹے میں مختلف علاقوں میں موسلادھاربارشوں کابھی امکان ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق سائوتھ ویلز میں درجہ حرارت منفی دس تک پہنچ گیا جو مسلسل برف باری کے باعث مزید کم ہوتا جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے غیرضروری سفر سے گریز سمیت انتہائی مشکل میں باہر نکلنےپراحتیاط سے ڈرائیونگ اورشدید موسم سے بچائواور گھروں کو گرم رکھنے کیلئے ہروقت ہیٹر چلاکررکھنے کی بھی ہدایات کی ہیں۔