لاہور سمیت پنجاب بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،مختلف علاقوں میں دھند کا بھی راج ہے ،جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی ایک سے دو روز کے دوران لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں بارشوں کی نوید سنا دی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے بدھ کے دوران زیریں خیبرپختونخوا کے علاقوں بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور پنجاب میں سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ اسی دوران کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران ڈویژن میں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
بالائی سندھ بھی میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10، کالام، گوپس، بگروٹ میں منفی 8، مری، راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت پانچ سے آٹھ سینٹی گریڈ رہنے سمیت موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔