افغان طالبان نے افغان فوج کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرانے کے بعد اس کا ملبہ قبضے میں لے لیا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر صوبہ میدان ورک کے ضلع سعید آباد میں رات کو گھر کر تباہ ہوا۔ افغان صحافیوں کے مطابق ہیلی کاپٹر طالبان نے مار گرایا اور ملبہ بھی انہی کی تحویل میں ہے تاہم پائلٹوں کا کچھ پتہ نہیں چلا۔
افغان صحافیوں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ میدان وردک میں گذشتہ دنوں طالبان نے افغان انٹیلی جنس بیس دھماکے سے اڑا دیا تھا۔
تباہ کیا جانے والا ہیلی کاپٹر MD 530F تھا۔ یہ ہلکا جنگی ہیلی کاپٹر ہے جو امریکہ تیار کرتا ہے۔
اسی کا ایک عام ورژن ایم ڈی 500 سویلین استعمال کے لیے ہے۔ بنیادی طور پر افغان فوج کو مضبوط کرنے کے لیے امریکہ نے ہی اس سویلین ہیلی کاپٹر کے جنگی ورژن تیار کرکے افغانستان کو فراہم کیے ہیں۔
ایم ڈی 530 ہیلی کاپٹر ایک جدید بھاری مشین گن سے لیس ہوتا ہے ۔ یہ ایک وقت میں 138 کلوگرام گولہ بارود لے جاسکتا ہے۔
امریکہ نے 2015 میں ان ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ افغانستان کے حوالے کی تھی جبکہ 2017 میں افغانستان کے لیے مزید 150 ہیلی کاپٹروں کی تیاری کا آرڈر دیا گیا تھا۔