مقبوضہ کشمیر میں افضل گرو کی برسی پر مکمل ہڑتال

کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کے جرم میں بھارت کے ہاتھوں شہادت پانے والے افضل گروکی برسی کے موقع پرآج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے۔

افضل گرو کی برسی منانے سے روکنے کے لیے کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا ہے۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے افضل گرو کی برسی پر بھارت کے خلاف مظاہروں کو روکنے کے لیے سری نگر اور دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو لگا دیا ہے۔ موبائل، انٹرنیٹ سروس اور ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کشمیری رہنما افضل گرو کو نئی دہلی کی تہار جیل میں 2013 میں پھانسی دے دی گئی تھی اور ان کی تدفین جیل کے احاطے میں ہی کردی گئی تھی۔

افضل گرو پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے بھارتی پارلیمنٹ پرحملہ کیا تھا جس کے بعد انہیں بھارتی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔