شیخ رشید کچھ بھی کہیں،کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا،اسدقیصر

صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ قومی اسمبلی کے معاملات چلانے کے لیے کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا،میں اپنی پارٹی کے اصولوں کے مطابق چلوں گاجبکہ شیخ رشید کی اپنی سیاسی جماعت اور ان کی اپنی مرضی ہے، وہ کچھ بھی کہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں ڈسٹرکٹ جیل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ شیخ رشید کو کیا مسئلہ ہے نہیں جانتا، میں نے جو بھی کام کرنا ہے وہ اسمبلی رولز کے مطابق کرنا ہے اور کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گاان کا کہنا ہے کہ ان تمام معاملات پر وزیراعظم عمران خان سے بات کروں گا۔

واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وزیر ریلوے شیخ رشید اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بننے کے خلاف ہیں اور وہ بھی کمیٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔