نیو کراچی میں یونین کونسل نمبر6 میں ایم کیو ایم کے دفترپرفائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
نامعلوم ملزمان نے دفترپرفائرنگ کی اور فرارہوگئے،فائرنگ سے ایک کارکن جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا جن کے نام ظہور اور شکیل انصاری معلوم ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ یونین کونسل نمبر 6 نارتھ کراچی سیکٹرالیون ڈی میں کی گئی،اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد 4 سے زائد تھی۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی میئرکراچی وسیم اختر، خواجہ اظہاراورعامر خان عباسی اسپتال پہنچ گئے۔
ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار کے مطابق5سے6افراد نے دفتر کے باہرلگے بیریئرپرفائرنگ کی اورفرار ہو گئے۔
ایم کیو ایم کے کنوینراوروفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے عباسی اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ اسمامہ قادری اورخواجہ اظہارالحسن کے دفترپرکی گئی۔
انہوں نے کہا کہواقعے میں ایک کارکن شہید اور ایک زخمی ہوا ہے،48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے،اگر قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو پھر آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایم کیوایم کےکارکنان کوتحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے،حکومت کو سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے،علی رضاعابدی کے قاتل اب تک گرفتار نہیں ہوسکے۔
فاروق ستار نے کہا کہ اس طرح کے حملے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہیں، انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے یوسی دفتر پر فائرنگ کی مذمت کی۔
پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کیلیےپاک سر زمین پارٹی نے بھی قربانیاں دی ہیں، واقعےمیں ملوث افراد کوجلد ازجلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ ملزمان کے پاس ایس ایم جی اور چھوٹے ہتھیارتھے۔فائرنگ کس ہتھیارسے کی گئی اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیو کراچی میں سیاسی جماعت کے دفترپرفائرنگ کی آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔