بھارتی فوج نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا،فائل فوٹو
بھارتی فوج نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا،فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر میں ہلال وانی- شعیب لون شہید- اسکول دھماکے کے بعد جھڑپیں

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ جبکہ ایک اسکول میں پراسرار طور پر دھماکے سے 28 طلبہ زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد مظاہرین اور بھارتی فوج میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔

مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب بدلنے کی سازش کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر 2 روزہ ہڑتال بدھ کو شروع ہوگئی۔ وادی کے حالات انتہائی کشیدہ ،احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے جبکہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر، کشمیر سینٹر فار سوشل اینڈ ڈویلپمنٹ سٹڈیز اور کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت متعد سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے ۔

ہڑتال کے پہلے دن تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ بیشتر سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی، اس موقع پر پوری مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی بھاری تعداد کو تعینات کیاگیا تھا۔

ادھربھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بڈگام میں 2 اورکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چاڈورہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔شہید نوجوانوں کی شناخت ہلال احمد وانی اور شعیب احمد لون عرف مرسی کے طورپر ہوئی ہے۔

حریت رہنماؤں اور تنظیموں سیدعلی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق ، محمد اشرف صحرائی ، شبیراحمدڈر ، عبدالصمد انقلابی ، محمد اقبال ،جموں وکشمیر مسلم لیگ اور امت اسلامی نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید کشمیری نوجوان ہلا ل احمد راتھراور دیگر شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ عالمی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں بھارت کے ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور تباہی کا بازار گرم ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار صحافت کے طالب علم عادل فاروق کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسکول میں دھماکہ اور مظاہرے

پلوامہ کے علاقے نارہ بل میں ایک نجی اسکول میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 28 طلبہ زخمی ہوگئے۔

دھماکے کےخلاف لوگوں نے زبردست مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

بھارتی پولیس نے حریت رہنما ظفر اکبر بٹ کوسرینگر کے علاقے نوگام کے دورے کے دوران گرفتارکرلیا۔