فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران میں پاسداران انقلاب کی بس پر خود کش حملہ۔40 اہلکار ہلاک

ایران میں پاسداران انقلاب کی بس پر خود کش حملے میں 40 اہلکار ہلاک،10 زخمی ہو گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی بس صوبہ سیستان بلوچستان میں ہائی وے سے گزر رہی تھی کہ چنالی کے مقام پر خود کش حملہ آور نے کارکو بس سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں40 اہلکار ہلاک،10 زخمی ہو گئے، 5 اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

ایجنسی کے مطابق خود کش حملے کی اطلاع ملتے ہی امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی  اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم  زخمی اور ہلاک اہلکاروں کے عہدوں کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں جائے وقوع پر بس کا ملبہ اور روڈ پر خون کے دھبے دکھائے گئے ہیں،زخمیوں اور مرنے والوں کا سامان جابجا بکھرا ہوا ہے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقہ کا محاصرہ کر کے تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے،جیش العدل گروپ نے خود کش حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

ایرانی شہر زاہدان اورخیش کے درمیان جس مقام پر پاسداران انقلاب کی بس کو خود کش حملے کا نشانہ بنایا  گیا وہ علاقہ پاکستانی سرحد کےقریب واقعہ ہے جہاں کئی شدت پسند تنظیمیں متحرک ہیں۔

واضح رہے کہ گزشہ برس دسمبر میں چاہ بہار میں خود کش دھماکے میں دو پولیس افسران سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ماہ ستمبر میں ایک اور واقعے میں فوجی پریڈ پر حملہ کیا گیا جس میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔