کراچی سمیت سندھ بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی دوسرے روزبھی ہڑتال

کراچی سمیت سندھ بھر میں تنخواہوں میں اضافہ اور الاونسس کے مطالبات پورے نہ ہونے پر ڈاکٹرز کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے، اوپی ڈی سمیت آپریشن ٹھیٹرز کا بھی بائیکارٹ کیا گیا ہے، مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کے تنخواہوں میں اضافے اور الاؤنسس کے مطالبات پورے نہ ہونے پر ڈاکٹرز کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔صوبے کے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز آج بھی بند ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ہڑتال کی وجہ سے کراچی میں جناح، سول، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی، لیاری جنرل اور دیگر اسپتال بند پڑے ہیں اور دور دراز سے آئے مریض خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں کے برابر تنخواہ اور مراعات ملنے تک او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند رہیں گے، 2 ہفتے پہلے مشیرِ اطلاعات نے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم سندھ حکومت نے اب تک تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔