سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ضمنات منظور ہونے کے بعد ان کی ایک تصویر ان کی اہلیہ تہمینہ درانی نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس کے ساتھ معنی خیز مصرعے لکھے ہیں۔
اس تصویر میں شہباز شریف کرسی پر ٹانگ پر ٹانگ رکھے بیٹھے ہیں۔ ان کے چہرے کا رخ اوپر کی طرف ہے اور وہ قہقہ لگاتے ہوئے معلوم ہوتے ہیں۔ شہباز شریف کی یہ تصویر مسلم لیگ(ن) کے دیگر حامیوں نے بھی شیئر کی اور کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عمران خان کوچیلنج دے رہے ہیں۔
تاہم تہمینہ درانی نے تصویر کے ساتھ انگریزی میں چند مصرعے لکھے ہیں جو درحقیت عمر خیام کی ایک رباعی کا منظوم ترجمہ ہے۔
شہبازشریف کی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے تہمینہ درانی نے لکھا،
‘Tis all a Chequer-board of Nights & Days where
Destiny with men for pieces plays:
Hither & Thither moves, & mates, & slays.
And one by one back in the closet lays.
اس رباعی کا مشہور شاعر میرا جی اردو میں ترجمہ یوں کیا تھا۔
بے بس، بے چارے مہروں کا کھیل سے اتنا میل رہا
رات اور دن کی بچھی ہے چوسر کھیلنے والا کھیل رہا
اسے کٹایا اسے پٹایا جوڑ توڑ یوں جاری ہے
وہ مارا، یہ آگے بڑھایا، پھر تھیلی میں دھکیل رہا
عمر خیام 11 ویں صدی عیسوی کے بڑے فارسی شاعر تھے۔ ان کی رباعیات کا منظوم ترجمہ انگریزی شاعر ایڈورڈ فٹز جیرلڈ نے 19ویں صدی میں کیا تھا۔ 20 ویں صدی میں میرا جی (1949-1912) نے منظوم اردو ترجمہ کیا۔
تہمینہ درانی نے فٹز جیرلڈ والا ترجمہ ہی شیئر کیا۔
تہینمہ درانی نے علیحدہ ٹوئیٹ میں ایک اور رباعی بھی شیئر کی۔
The moving finger writes; and, having writ,
Moves on; nor all thy Piety nor Wit
Shall lure it back to cancel half a line, nor all thy
Tears wash out a Word of it
ہلتا ہاتھ لکھے من مانی لکھ لکھ آگے بڑھتا جائے
جو لکھ دے وہ ان مٹ بانی کس میں بل ہے اسے مٹائے
چاہیں جو کوئی لیکھ مٹائیں گیان اور گن کچھ کام نہ آئیں
آنکھ سے چاہے بہاؤ گنگا ایک بھی شبد نہ مٹنے پائے
(اردو ترجمہ میرا جی)