پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں آج بھی دو میچز کھیلیں جائیں گے، پہلا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جب کہ دوسرا مقابلہ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔
دونوں میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلیں جائیں گے، پاکستانی وقت کے مطابق یونائیٹڈ اور گلیڈ ایٹرز کے درمیان پہلا میچ شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا، پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں رات 9 بجے ٹکرائیں گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے، پہلے میچ میں یونائیٹڈ نے قلندرز کو شکست دے کر 2 پوائنٹس حاصل کیے جب کہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کھا کر ناکام رہی۔
لاہور قلندرز نے بھی اب تک دو میچز کھیلیں ہیں، قلندرز نے اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کھائی جب کہ گزشتہ روز کراچی کنگز سے میچ جیت کر 2 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی اب تک صرف ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو شکست دے کر 2 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔