پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کی کوریج کرنے والے کریو میں شامل دو درجن سے زائد بھارتی شہری کراچی اورلاہور کے لیے سفر نہیں کرسکیں گے۔ان میں متعدد کیمرہ مین،ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سمیت دیگر ٹیکنیکل عملہ شامل ہے۔پی سی بی نے پلان بی کے تحت پاکستانی کریو کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیاسمیع الحسن نے بتایا کہ اس بارے میں فیصلہ سیکیورٹی ماہرین کی مشاورت سے کریں گے۔ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ابھی تک کریو پروگرام کے مطابق پاکستان جائے گا تاہم غیر معمولی صورتحال کی صورت میں پی سی بی کے پاس متبادل پلان موجود ہے۔پاکستان سپرلیگ کے پاکستان میں ہونے والے آٹھ میچوں کی کوریج کی کوالٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پی سی بی نے پی ایس ایل کی کوریج کے لئے ایک بھارتی کمپنی کی خدمات حاصلکی ہوئیں ہیں اور یہی وجہ ہے کریو میں اکثریت بھارتی شہری ہے۔