مقبوضہ کشمیر میں مسلمان کشمیریوں کی املاک پر حملوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے اور مختلف اضلاع میں بازار مکمل طور پر بند ہیں۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق انتہا پسندوں نے گزشتہ روز جموں میں مسلمان کشمیریوں کی درجنوں دکانوں اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا جس کے خلاف تاجر تنظیموں کی اپیل پر آج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔
ہڑتال کے باعث مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہیں اور سڑکوں پر سناٹا ہے جب کہ مقبوضہ جموں میں مسلسل تیسرے روز بھی کرفیونافذ ہے اور سڑکوں پر قابض فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے کے اہلکار گشت کر رہے ہیں۔
انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمان کشمیریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ہریانہ اور ڈیرہ دون کے تعلیمی اداروں میں کشمیری طالب علموں پر بھی حملے کیےگئے ہیں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 44 اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے، واقعے کے بعد قابض فورسز نے متعدد کشمیریوں کو حراست میں لے لیا۔