کراچی (اسٹاف رپورٹر) سخی حسن چورنگی پر مسلح دہشت گردوں نے لینڈ کروزر گاڑی پر فائرنگ کرکے پاک سر زمین پارٹی کے رہنما کوقتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
واردات میں دو اقسام کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے، مقتول پی ایس پی کے پی ایس 122 سے امیدوار اور چیمبر آف کامرس کے ممبر بھی تھے۔
تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود سخی حسن چورنگی پر نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے گاڑی نمبر BH-9899 اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار شخص شدید زخمی ہوگیا، فائرنگ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجر ز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شدید زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
ہیڈ محرر تیموریہ حادی بخش نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ عبدالحبیب خلجی ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے مقتول پاک سرزمین پارٹی کا علاقائی رہنما تھا اور 2018 کے عام انتخابات میں پی ایس پی کے ٹکٹ پر پی ایس 122منگھوپیر سے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا۔
مقتول میٹروول سائٹ کا رہائشی تھا اور پلاسٹک کے کاروبار سے وابستہ تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں دو اقسام کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 7 اور 30 بور پستول کی گولیوں کے 2 خول تحویل میں لے کر انہیں فارنسک لیبارٹری بھیج دیے ہیں
پاک سر زمین پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقتول عبدالحبیب ہمارا علاقائی رہنما تھا اور گزشتہ انتخابات میں پی ایس پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ بھی لے چکا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل نیو کراچی میں ایم کیو ایم کے دفتر پر فائرنگ کر کے ایک کارکن کو قتل کیا گیا تھا، جبکہ اس سے قبل رضویہ میں پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنان لائنز ایریا میں مہاجر قومی موومنٹ کے کارکن کو نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ سال دسمبر میں علی رضا عابدی کے ساتھ ساتھ فقہ وارانہ قتل کی وارداتوںمیں تین افراد کو نشانہ بنایا جاچکا ہے، تاہم اب تک کسی بھی واقعہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔
پی ایس اپی رہنما آصف حسنین بھی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ عباسی شہید ہسپتال پہنچے اور قاتلوں کی گرفتاری کا فوری مطالبہ کر دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل سے تٖفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان وزیراعلیٰ کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کاحکم دیا ہے۔
کے سی سی آئی کے سر پرست سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر آف کامرس کے رکن کے قتل کی مذمت کی ہے۔