کراچی کے علاقے کورنگی میں رات گئے اہل علاقہ نےپولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کاالزام ہے کہ پولیس نے گٹکے کی تلاش میں بغیر اجازت گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور تشدد کرکے کئی خواتین کو زخمی کیا ، جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گٹکے کے کارخانے پر چھاپے کے دوران پولیس پر حملہ کیا گیا، 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق کورنگی نمبر5 میں کھڈی اسٹاپ کے قریب احتجاجی مظاہرین نے روڈ ٹریفک کے لئے بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا.
مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس نے خواتین اہلکاروں کے بغیر گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور تشدد کرکے کئی خواتین کو زخمی کیا
ادھر پولیس کا موقف ہے کہ پولیس پارٹی گٹکے کے کارخانے کی تلاش میں چھاپہ مارنے گئی تو نامعلوم ملزمان نے پولیس پر حملہ کردیا جس سے 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف جلائو گھیرائو اور ہنگامہ آرائی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔