کراچی انٹر بورڈ آفس پر اینٹی کرپشن ٹیم کا چھاپہ

محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کے دفتر پر چھاپہ مار کر امتحانی ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رشوت کے عوض انٹر کے نتائج تبدیل کرنے کے ثبوت ملنے کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے یہ چھاپہ مارا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی انعام احمد کی اجازت سے انٹر میڈیٹ کے نتائج تبدیل ہوئے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم چیئرمین انٹر بورڈ سے تفتیش کر رہی ہے، جبکہ نتائج تبدیل کرنے والے اساتذہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔