دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )نے کہاہےکہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلہ شیڈول کے مطابق ہوگا، اسے تبدیل کرنے کا امکان نہیں ہے۔
آئی سی سی کے جنرل مینیجر کلیئر فرلونگ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیاکہ انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ شیڈول کے مطابق ہوگا اور اس میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کونسل کی آئندہ بورڈ میٹنگ میں پاک بھارت کرکٹ کے معاملے کو زیر بحث لائے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی جنرل مینیجر کا مزید کہنا تھا کہ کھیل بالخصوص کرکٹ میں لوگوں کو قریب لانے، دوریاں مٹانے اور قوموں کو متحد کرنے کی صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی مستقبل میں ان طور طریقوں پر ممبران کے ساتھ بات کرے گا۔