چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق آج(اتوار) کی رات ملک میں نیا مغربی سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے جس کے تحت پیراورمنگل کو شہرمیں ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔
عبدالرشید کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے نئے مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان نہیں تاہم بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہونے اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت16.5جبکہ زیادہ سے زیادہ 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،صبح کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 62جبکہ شام کے وقت 26فیصدریکارڈ ہوا،ہفتے کو دومختلف سمتوں کی ہوائیں چلیں صبح کے وقت بلوچستان کی جانب شمال مشرقی جبکہ سہ پہر کے بعد سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جس کی رفتار 20کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (اتوار)کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16سے 18ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،جبکہ 24گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع خشک ،رات میں سرد جبکہ صبح کے وقت دھند چھانے کا بھی امکان ہے۔