نارتھ کراچی کے علاقے انڈہ موڑپر میڈیکل کی طالبہ نمرہ بیگ کی ہلاکت کا معمہ حل نہ ہو سکا، نمرہ کی موت کیسے ہوئی، کس کی گولی نے کی زندگی تمام کی، تحقیقاتی ادارے تاحال ملزمان کا تعین کرنے میں ناکام ہیں۔
پولیس کے مطابق انڈا موڑ پر مبینہ مقابلے کی زد میں آکر نمرہ کی موت کی تحقیقات جاری ہیں،2ڈی آئی جیز اور 3 ایس ایس پیز کی کمیٹی تحقیقات کررہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے،ثبوت ملنے پر دونوں اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، دونوں ملزمان کےکریمنل ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب میڈیکل طالبہ نمرہ کی ہلاکت پر تحقیقاتی کمیٹی نے عینی شاہدین سے تفتیش کا فیصلہ کر لیا ہے، عینی شاہدین کے بیانات کل طلب کیے جانے کے امکانات ہے، نمرہ کیس میں گرفتار زخمی ملزم کا بیان بھی لیا جائے گا۔
واضع رہے کہ گزشتہ برس مبینہ پولیس مقابلوں نے کئی گھر اجاڑ دیئے، کبھی ننھی امل تو کبھی نوجوان مقصود کو ڈاکو کہہ کر مار دیا گیا مگر ملزمان کے تعین میں پولیس مسلسل ناکام رہی۔ نقیب اللہ اور انتظار احمد کیس کی فائلیں بھی دھول چاٹ رہی ہیں۔
مبینہ پولیس مقابلوں میں شہریوں کی جانوں کے نقصان پر عوام نے بھی سوال اٹھا دیا، شہری کہتے ہیں حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا کر رہی ہے۔