پی ایس ایل میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ناقابل شکست سمجھی جانے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کنگز کے انگرام نے دھواں دار 127 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہےجبکہ چھکا مار کر ٹیم کو میچ جتوایا۔

نجی ٹی وی کےمطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 187 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 اعشاریہ 4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

کراچی کے چوتھے نمبر کے بلے باز کولن انگرام نے دھواں دار 127 رنز بنائے اور آخری گیند پر چھکا مار کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

انگرام نے پی ایس ایل فور کی پہلی سنچری بھی سکورکی ہے ۔ انہوں نے 59 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 127 رنز بنائے۔ خیال رہے کہ کولن انگرام نے رواں سیزن کی پہلی اور پی ایس ایل کی مجموعی طور پر چوتھی سنچری سکور کی ہے۔ ان سے قبل کامران اکمل 2 بار اور شرجیل خان ایک بار یہ اہم سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگی کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس سیزن میں پہلی بار شکست کھائی ہے جبکہ کراچی کنگز نے مسلسل تین میچز ہارنے کے بعد فتح کا مزہ چکھا ہے۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

کوئٹہ کے عمر اکمل 55 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ انور علی نے 6 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے تیز ترین 27 رنز جوڑے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کے روسو نے 44 اور شین واٹسن نے 25 رنز سکور کیے۔کراچی کنگز کی جانب سے عامر یامین نے 3 جبکہ محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔