پاک فضائیہ کے منہ توڑ جواب پر بھارتی سیاستدان اور شہری سماجی رابطے کی ٹویٹر پر’ نو وار‘ کی دہائیاں دینے لگے۔
بھارت میں اس وقت ٹوئٹر پر’ say no to war’ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے جس میں ٹوئٹر صارفین بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں اس لیے مذاکرات کیے جائیں۔
پاکستان کی مسلح افواج کے اپنی صلاحیتوں، رینج اور کارکردگی کے ایک چھوٹے سے مظاہرے نے بھارتی سیاستدانوں اور شہریوں کے منہ بند کردیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جنگ سے گریز کی دہائیاں دینے لگے، یہاں تک کے بھارت میں SayNoToWar# ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
ساگر پرکاش نامی ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان اور بھارت پہلے ہی بہت سے مسائل کا شکار ہیں، خوشحالی کے لیے دونوں ملک ایک دوسرے کو تباہ کرنا بند کریں۔
بھارتی صحافی سیمی پاشا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ‘ایک قدم پیچھے ہٹیں اور ایک سیکنڈ کے لیے سوچیں، کیا ہم واقعی جنگ چاہتے ہیں؟’
دوسری جانب دوست ملک چین میں بھی پاکستان اور پاک مسلح افواج کے حق میں ٹویٹ کیں جس کے باعث چین میں PakistanAirForceOurPride# ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے چینی شہری پاک افواج کی بہادری کی تعریف کررہے ہیں۔
قبل ازیں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے چین میں سہہ ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں جنگ سے گریز کرنے کی دہائی دے چکی ہیں جب کہ اپوزیشن جماعت کانگریس سمیت دیگر بھارتی سیاست دانوں نے وزیراعظم نریندرا مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کی تحویل میں پائلٹ کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا۔