ملک کی فضائی حدود آج کھل جائے گی

پاک بھارت کشیدگی کے باعث بند کی گئی پاکستانی فضائی حدود آج کھل جائے گی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل رہاتھا۔

بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کی گئی تھی جو آج کھل جائے گی۔

فضائی حدود بند ہونے سے ملکی وغیر ملکی تمام ایئرلائنزکا آپریشن معطل رہا تھا، سول ایوی ایشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود جمعرات کی رات12بجے تک بند رہے گی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بھی پاکستان آنے والی تمام پروازیں معطل تھیں، سعودی عرب، برطانیہ، یورپ اورمڈل ایسٹ جانے والی پروازیں بھی معطل رہیں ۔

اس کے علاوہ اندرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن بھی معطل تھا، اس سلسلے میں تمام ایئرلائنز نے فضائی حدود بند ہونے سے متعلق اپنے مسافروں کو آگاہ کردیا تھا۔