پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیاہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہی ہیں اور پاکستانی افواج انہیں منہ توڑ جواب دے رہی ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کنٹرول لائن پر پاک فوج کے دستے ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ مشرقی بارڈر پر بھی حفاظتی اقدامات مکمل ہیں ۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہناتھا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ، پاکستان ایئر فورس اور بحریہ مکمل طور پر ہائی الرٹ ہیں ۔
بھارتی افواج نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول پر کوٹلی ، تتہ پانی اور خیروتا میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کا پاک فوج کے جوان بھر پور طریقے سے جواب دے رہے ہیں جس کے باعث بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔
بھارتی فائرنگ کے باعث چار شہری شہید ہو گئے ہیں جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی سہولیات کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
پاک فوج کا کہناہے کہ ہم کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔عوام کو افواہ ساز فیکٹریوں سے باخبر رہنا ہو گا اور سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔