بھارتی ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور نےمگ 21 تباہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔پریس کانفرنس
بھارتی ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور نےمگ 21 تباہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔پریس کانفرنس

بھارتی افواج کے نمائندے پاکستان کے خلاف کارروائی کے شواہد فراہم کرنے میں ناکام

پاکستان اور بھارت میں حالیہ کشیدگی کے حوالے سے بھارتی مسلح افواج کے نمائندے مشترکہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو پاکستان کے خلاف کارروائی کے شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

بھارتی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور، بھارتی آرمی کے میجر جنرل سریندر سنگھ بہل اور بھارتی بحریہ کے ریئر ایڈمرل دلبیر سنگھ گجرال نےپاک بھارت کشیدگی کی صورتحال میں پہلی بار میڈیا کا سامنا کیا۔

بھارتی فوجی ترجمان نے نہ تو میڈیا کے سوالوں کا تسلی بخش جواب دیا اور نہ ہی کالعدم تنظیم کے کیمپ کو تباہ کرنے کا کوئی ثبوت پیش کیا جبکہ 350 دہشت گردوں کو مارنے کا بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

اس کے علاوہ پاک فضائیہ کا ایف 16 گرانے کا بھارتی دعویٰ بھی من گھڑت نکلا۔ بھارتی افواج دعوے کے برعکس سٹرائیک میں نقصان کا ثبوت پیش نہ کر سکیں کہ پاکستان کو کیا نقصان پہنچایا؟ اور کتنے لوگوں کومارا کچھ نہ بتا سکے

پریس کانفرنس میں سب سے پہلے ایئر فورس کے نمائندے ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور نے پہلے سے لکھا ہوا بیان پڑھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 27 فروری 2019 کو صبح 10 بجے انڈین ریڈار نے بڑی تعداد میں پاکستانی طیاروں کو بھارتی حدود میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔

بھارتی افواج کے ترجمان نے اپنی حکومت کا جھوٹ بے نقاب کر دیا ہے،انہوں نے الزام دہرایا کہ انڈین ایئر فورس نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرایا ہے لیکن اس بارے میں کوئی واضح ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ بالا کوٹ میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد نہیں بتائی جا سکتی۔ فضائیہ کا یہ موقف بھارتی حکومت اور میڈیا کے جھوٹ کا پول کھول رہا ہے کہ 350 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

بھارتی ایئر وائس مارشل اے وی ایم کپور نے تسلیم کیا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف ان کا مگ 21 تباہ کیا ہے بلکہ اس کے پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان ایئر فورس نے بھارت کی ملٹر ی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، ملٹری کمپاؤنڈز میں پاکستانی بم گرے لیکن ان سے کوئی نقصان نہیں ہوا، انہوں نے اس کے بھی کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔

خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ پاکستان نے کارروائی میں کوئی ایف 16 طیارہ استعمال نہیں کیا اور ان علاقوں کو ٹارگٹ کیا ہے جہاں سے کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

بھارتی آرمی کے نمائندے میجر جنرل سریندر سنگھ بہل نے بھی پہلے سے لکھا ہوا مختصر بیان پڑھا اور الزام عائد کیا کہ پاک فضائیہ نے کارروائی کے دوران بریگیڈ ، بٹالین ہیڈ کوارٹر اور لاجسٹک  تنصیبات کو ٹارگٹ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج خطے میں امن چاہتی ہے۔

پریس کانفرنس میں سب سے مختصر بیان بھارتی نیوی کے ریئر ایڈمرل دلبیر سنگھ گجرال نے پڑھا اور کہا کہ بھارتی نیوی تیار ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ جس ٹارگٹ کو ہٹ کرنا چاہتے تھے اس کو ہٹ کیا ہے، یہ حکومت اور ہائی کمانڈ کے اوپر ہے کہ کس طرح اور کب یہ شواہد پیش کرنے ہیں۔