فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سندھ رینجرز کے حوالے کر دیا گیا

پی ایس ایل فور کے میچز کی تاریخیں قریب آتے ہی حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور کنٹرول سندھ رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔بغیر چیکنگ کے کوئی شخص اندر داخل نہیں ہو سکے گا۔

پی ایس ایل کی تیاریاں عروج پر ہیں، انتظامی امور کے بعد سیکیورٹی اقدامات بھی فائنل کر لئے گئے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی سکیورٹی سندھ رینجرز کے حوالے کر دی گئی ہے جس کے بعد نیم فوجی دستوں کی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی رینجرز کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے، رینجرز کمانڈوز کے دستے بھی نیشنل سٹیڈیم پہنچا دیے گئے ہیں۔ سٹیڈیم میں سیکیورٹی چیکنگ کے آلات اور کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا جائے گا جو میچز کے انعقاد کی ریہرسل کے دوران ماہرین کی زیر نگرانی فائنل کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کراچی میں 8 میچزکھیلے جائیں گے جو 9 مارچ سے شروع ہوں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل میچز بھی اب کراچی میں منعقد کئے جارہے ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کھلاڑیوں اور غیر ملکی مہمانوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔