کراچی پولیس نے پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں سیکیورٹی سمیت دیگر اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لیا، پولیس و رینجرز کے حکام بھی ان کے ساتھ تھے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ 13 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ سیکیورٹی کو 5 لئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم بنانے کے علاوہ مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کرکٹ شائقین کے لیے 4 چیکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں، اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچ سے دو گھنٹے قبل گیٹ بند کردیے جائیں گے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل اسٹیڈیم روڈ کے اطراف ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا لیکن اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال جانے والی سڑک کو کھلا رکھا جائے گا۔ کارساز سے اسٹیڈیم، ڈالمیا روڈ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم والا ٹریک بھی بند رہےگا۔