افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگر دھماکے ہوئے، جس میں3افراد ہلاک جبکہ صدارتی امیدوار عبدالطیف سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکوں اور مارٹرحملوں میں زخمی ہونے والوں میں افغان قومی سلامتی کےسابق مشیر کے 8 باڈی گارڈزبھی شامل ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان افغان وزارت داخلہ نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ کابل میں جاری سیاسی تقریب میں چار مارٹر گولے فائر کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مارٹر گولے ایک گھر سے فائر کیے گئے تھے، فائر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں ایک سیاسی تقریب جاری تھی جہاں یہ دھماکے کیے گئے۔
افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کابل میں جاری تقریب میں 10 دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ تقریب میں اہم عہدیدار بھی شریک تھے جو علاقہ سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔