کوہستان ویڈیو اسکینڈل کے  مدعی کے قاتل کی گرفتاری کا دعویٰ

خیبرپختونخوا حکومت نے کوہستان ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی کردار افضل کوہستانی قتل کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراطلاعات خیبرپختونخوا  شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ افضل کوہستانی کیس کی  ایف آئی آر میں نامزد مرکزی ملزم معصوم خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

گرفتاری ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں عمل میں آئی، اس کے علاوہ ملزم معصوم خان سے ہتھیار بھی برآمد ہوئے، جبکہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے اسے جوڈیشل میجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائےگا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افضل کوہستانی کو ایبٹ آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کرکے قتل کیا جب وہ اپنے مقتول بھائی کے مقدمے کی سماعت کے سلسلے عدالت جارہے تھے۔