پال مینافورٹ کو آئندہ ہفتے ایک اور مقدمے میں بھی سزا سنائی جائے گی۔فائل فوٹو
پال مینافورٹ کو آئندہ ہفتے ایک اور مقدمے میں بھی سزا سنائی جائے گی۔فائل فوٹو

ٹرمپ کے قریبی ساتھی کو4سال قید کی سزا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی مہم کے مینجر پال مینا فورٹ کو ٹیکس اور بینک سے دھوکہ دہی کے الزام میں  سزا سنائی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کی ایک عدالت نے صدر ٹرمپ کے ساتھی اور صدارتی الیکشن کے دوران انتخابی مہم کے سربراہ پال مینافورٹ کو 47 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

پال مینا فورٹ کو گزشتہ برس یوکرائین میں لاکھوں ڈالر کی آمدن چھپانے پر مجرم قرار دیا گیا تھا۔ تقریباً 4 سال قید کے علاوہ پال مینافورٹ پر 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

استغاثہ کی جانب سے دھوکہ دہی اور بینک فراڈ کے الزام پر پال مینافورٹ کے لیے 19 سے 24 سال قید کی استدعا کی گئی تھی لیکن عدالت نے سزا 4 سال تک محدود رکھی تاہم  پال مینافورٹ کو آئندہ ہفتے ایک اور مقدمے میں بھی سزا سنائی جائے گی۔

عدالتی فیصلے کے وقت بظاہر مطمئن نظر آنے والے پال مینا فورٹ نے رحم کی اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پال مینافورٹ پر سیاسی مشاورت سے حاصل ہونے والی آمدنی کو چھپانے کا الزام صدراتی الیکشن میں روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا تھا۔