پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان نے لاہور کا 141 رنز کا ہدف 12 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 48، جیمز ونس نے 25 اور جونسن چارلز نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرزنے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز اسکور کئے تھے، قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 53 اور ڈیوڈ ویزے نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
حارث سہیل بھی 7 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کا شکار بنے، یہ پی ایس ایل میں حاصل کی جانے والی ان کی پاکستان میں پہلی وکٹ ہے، اس دوران فخرزمان بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آفریدی کا شکار بنے وہ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سعد علی بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عباس نے 3، شاہد آفریدی 2، محمد الیاس اور کرس گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔