نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے میں بال بال بچ جانے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم وطن پہنچ گئی۔
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرائسٹ چرچ حملے میں محفوظ رہنے والے تمام کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جو دیکھا وہ کسی فلم کا منظر لگتا تھا، اگر3 منٹ پہلے مسجد پہنچے ہوتے تو بچ نکلنا ناممکن تھا۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے منیجر خالد مشہود نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے وقت وہ اوراُن کے ساتھی کھلاڑی مسجد سے صرف 50 گز کے فاصلے پر تھے،اگر 3 منٹ پہلے بھی مسجد پہنچے ہوتے تواُن کا بچ نکلنا ناممکن تھا۔ معمولی سا فاصلہ اُن کی جان بچانے کا باعث بن گیا۔
الد مشہود نے کہا کہ انہوں نے جو دیکھا وہ کسی فلم کا منظر لگتا تھاجبکہ کچھ کھلاڑی وہ منظر دیکھ کر رو پڑے۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے منیجر خالد مشہود نے مزید کہا کہ ٹیم کے 17 افراد 8 سے 10 منٹ تک بس میں اپنا سر نیچے کیے بیٹھے رہے تاکہ کوئی گولی انہیں نہ لگ جائے۔پھر سب نے مل کر فیصلہ کیا کہ شوٹر انہیں نشانہ بنا سکتا ہے، بہتر ہے کہ یہاں سے بھاگ نکلیں۔
کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ مسجد جاتے وقت بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کوئی سیکیورٹی اہلکار نہیں تھا۔
واضع رہے کہ چند روزقبل کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملوں میں 50 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔