وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایسا پاکستان نہیں چاہتے جہاں کے حکمران عوام کی چیخیں سننا چاہتے ہوں۔
انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرانا کراچی مل گیا ہے ہمیں جلد پرانا پاکستان بھی مل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد ہے,میڈیا کا کردار مثبت رہا، ہماری چھوٹی چھوٹی خامیوں کو نظر انداز کیا۔
ان کا کہناتھا کہ جب دشمن جنگ کی بات کررہا تھا تب یہ چیلنچ قبول کیا. میں نے گزشتہ برس کہا تھا کہ مزید میچ کرائیں گے اور اس میں کامیاب رہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصل میں امن مسکراہٹ اور پاکستان جیتا ہے۔ شہریوں نے امید سے بڑھ کر تعاون کیا۔ کراچی کی انتظامیہ نے کامیابی کے ساتھ ایک دو نہیں آٹھ میچ منعقد کرائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جن کی وجہ سے سندھ کا نام روشن ہوا انہیں انعام دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کادہشت گردی کے خلاف واضح موقف ہے کہ دہشت گردکا کوئی مذہب نہیں، ہمارے 70ہزارلوگ دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ چکےہیں۔
نیوزی لینڈ واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک پرامن ملک ہے اس ملک میں ایسا واقعہ ہونا انتہائی افسوس ناک اور دکھ کی بات ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کرکے آئے ہیں۔ سب کے حوصلے بہت بلند ہیں۔