افریقی ملک مالی میں منحرف فوجی کرنل آقا موسیٰ کے مسلح گروہ نے فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 21 فوجی ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک مالی کے علاقے موپتی میں فوجی بیس پر نامعلوم کاراور موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کے حملے میں 21 فوجی ہلاک ہوگئے۔
مالی کی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق ایک منحرف فوجی آقا موسیٰ کے عسکری گروپ سے ہو سکتا ہے۔
آقا موسیٰ مالی کی فوج میں کرنل کے عہدے پر فائز تھے اور انہوں نے فوج سے علیحدگی اختیار کر کے اپنا ایک عسکری گروپ قائم کر رکھا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی حمایت یافتہ مسلح افواج نے منحرف فوجیوں کے گروہ کے حملے کو پسپا کردیا تاہم اس حملے میں ہونے والا جانی و مالی نقصان بھی بہت زیادہ ہے، منحرف گروپ کے حملہ آوروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مالی میں مختلف باغی گروہ مسلح جدوجہد کررہے ہیں جس کے باعث امن عامہ کی صورت حال نہایت مخدوش ہے جب کہ منحرف فوجی کرنل آغا موسیٰ کے عسکری گروپ کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔