کراچی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آن لائن ٹیکسی سروس کی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کی حدود میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
پابندی کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے اور کراچی ایئرپورٹ کے داخلی راستوں پر سائن بورڈ نصب کرتے ہوئے وارننگ بھی دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدیدار مجتبیٰ بیگ کا کہنا ہے کہ سول ایویشن اتھارٹی کو ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ مذکورہ دونوں آن لائن ٹیکسی سروس رجسٹرڈ نہیں ، اس لئے ان کے ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔
کراچی کے قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے داخلی راستے پر پیلے رنگ کے سائن بورڈ نصب کیے گئے ہیں، جن پر اردو اور انگریزی میں واضح طور پر آن لائن ٹیکسی سروس اوبر اور کریم چلانے والوں کو متوجہ کیا گیا ہے کہ وہ کراچی ایئر پورٹ کی پارکنگ ایریا میں ہرگز داخل نہ ہوں اور نہ ہی ایئرپورٹ سے مسافروں کو پک اینڈ ڈراپ کریں۔
بورڈ پر درج حکم نامے کے مطابق ایسی گاڑیاں ایئر پورٹ کی پارکنگ کیا ایئرپورٹ میں داخل بھی نہ ہوں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ایسی گاڑیوں ضبط کرنے یا ان کے خلاف دیگر کارروائی کا نوٹس بھی دیا گیا ہے۔