کشتی میں 200 کے قریب افراد سوار تھے۔فائل فوٹو
کشتی میں 200 کے قریب افراد سوار تھے۔فائل فوٹو

عراق۔دریائے دجلہ میں کشتی الٹ گئی۔72 افراد ہلاک

عراق کے تاریخی شہر موصل کے قریب دریائے دجلہ میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں 72 افراد ہلاک،28 لاپتہ ہوگئے۔

عراق کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موصل کے قریب دریائے دجلہ میں مسافر بردار کشتی ڈوب گئی جس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔

موصل کے محکمہ شہری دفاع کے سربراہ حسام خلیل نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جو تیر کر اپنی جان نہ بچاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ‘نوروز’ کا تہوار منایا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں سیاحوں کی کافی آمد و رفت ہے۔

حسام خلیل نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں لاپتہ ہونے والے افراد کو ڈھونڈنے کی کوشش کررہی ہیں اور اب تک 12 افراد کو بچایا جاچکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کشتی میں 200 کے قریب افراد سوار تھے جو نئے سال کا جشن منانے کیلئے دریائے دجلہ کے کنارے واقعے ایک تھیم پارک کی جانب جارہے تھے۔