نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر ہونے والے حملے میں شہید 7 پاکستانیوں سمیت 30 افراد کی تدفین کر دی گئی، شہید اریب کی میت پاکستانی لائی جائے گی۔
ساتھ ہی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے ایک مقامی اخبار نے انتہائی شاندار قدم اٹھاتے ہوئے اپنے صفحہ اول پر لفظ ‘‘سلام’’ چھاپ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرائسٹ چرچ مساجد کے شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری ہے۔ لنوڈ کے میموریل پارک قبرستان میں پاکستانی ہیرو نعیم راشد اور 7 دیگر پاکستانیوں سمیت 30 افراد کی تدفین کردی گئی۔
نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، نویں شہید اریب کی میت پاکستانی لائی جائے گی۔ نیوزی لینڈ کے شہری منفرد انداز میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے مقامی اخبار ” دی پریس ‘ ‘ نے سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ مکمل ہونے پر آج کوئی بھی خبر نشر نہیں کی بلکہ انہوں نے سفید رنگ کے بیک گراﺅنڈ پر کالے رنگ سے بڑے الفاظ میں ’ ’ سلام “ لکھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں توجہ حاصل کرلی ہے۔