سول ایوی ایشن کی جانب سے فضائی حدود کھولنے کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے اپنی معطل شدہ پروازیں بحال کر دیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق بدھ 27 مارچ کو لاہور سے اسلام آباد کی دو طرفہ پروازیں PK-650 ،PK-651 ،PK-652 اورPK-653 اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی۔
کراچی سے ملتان کی دو طرفہ پروازیں PK-580 اورPK-581 اور کراچی سے سکھر کی دوطرفہ پروازیںPK-536 اورPK-537 اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی۔
فضائی حدود کی بندش ختم ہونے کے بعد بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ خازیخان کے لیے بھی پروازیں بحال کی جارہی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کا رن وے ضروری مرمت کے لیے بند ہونے کی وجہ سے 28 مارچ کی شام کو پی آئی اے سیالکوٹ سے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور اور رحیم یارخان کے ائیرپورٹس 27 فروری کے بعد سے بند تھے لیکن اب ان ائیرپورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔