لندن میں گزشتہ روز 6 افراد کوچھریاں مار کر شدید زخمی کر دیا گیا جس سے پورے شہر میں خوف وہراس پھیل گیا۔
میل آن لائن کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 17سے 26سال کے درمیان ہیں جن پر لندن کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے۔
ایک 18سالہ نوجوان کو سہ پہرسوا تین بجے کڈبروک کے علاقے میں، ایک 26سالہ نوجوان کو ساڑھے چار بجے ہونسلو، ایک 17سالہ لڑکے کو 6بج کر پانچ منٹ پر ٹوٹینہم، ایک 17سالہ لڑکے کو رات 7بجے بارکنگ اور ایک 18سالہ لڑکے کو ٹوٹنگ کے علاقے میں چھریاں ماری گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ان میں سے زیادہ تر لوگوں کے چہروں کو نشانہ بنایا گیا تاہم تین کو جسم کے دیگر حصوں میں بھی چھریاں ماری گئیں۔ کڈبروک میں ہونے والے واقعے میں زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک تھی تاہم اب ہسپتال میں وہ خطرے سے باہر ہے۔
برطانوی پولیس کی سربراہ کریسیڈا ڈک نے کل ہی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ”برطانیہ میں چھریوں کے حملے کرنے کے واقعات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔“ کریسیڈا کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد ہی پے درپے چھریوں سے حملوں کے مذکورہ 6واقعات پیش آ گئے۔
واضع رہے کہ لندن میں رواں سال اب تک قتل کی 29وارداتیں ہو چکی ہیں اور دیگر متشدد جرائم کی شرح میں بھی گزشتہ سال کی نسبت 20فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔