چین نے سنکیانگ صوبے میں حراستی کیمپ سے متعلق امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کے متنازع بیان کو ملکی امور میں مداخلت قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے حراستی کیمپ کی سابق قیدی سے ملاقات کے بعد چین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیجنگ مسلمانوں کے خلاف ’شرمناک منافقت‘ رکھتا ہے۔
ایغور مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون میریگل ترسن نے امریکا میں بتایا کہ چین کی جیلوں میں اقلیتی برادری پر بدترین تشدد کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گین شوآنگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ مائیک پومپیو کا بیان انتہائی مایوس کن اور خالصتاً چین کے داخلی امور میں مداخلت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سنکیانگ میں تمام صورتحال مستحکم ہے اور تمام اقلیتی برادری باہم اتفاق سے زندگی گزار رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکا پر حقائق تسلیم کرنے پر زور دیتے ہیں اور وہ چین کے خلاف گمراہ کن بیان اور بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کرے۔