بھارت کے مشہور خبر رساں ادارے نے مودی سرکار کے بے بنیاد دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے پاکستان میں گزشتہ ماہ کیے گئے بالاکوٹ حملے کو ناکام قرار دے دیا ہے۔
مشہور ہندوستانی خبر رساں ادارے ’’دی وائر‘‘ کے مطابق بھارت کی جانب سے بالاکوٹ میں 26 فروری کو جیش کے کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی لیکن بہتر نتائج کے حصول کے لیے باقاعدہ پریکٹس اور سسٹم کی مہارت سیکھنے کی ضرورت ہے، صرف جنگ کے لیے مہنگی گولیاں خریدلینا ہی کافی نہیں ۔
’’دی وائر‘‘کا کہنا ہے کہ یورپین اسپیس امجینگ کے پاس موجود تصاویر میں واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے کہ حملے سے کسی عمارت کو نقصان نہیں پہنچا جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عمارت کو کسی بھی طرح نشانہ بنایا گیا ہوتا تو وہ سامنے آچکا ہوتا۔
بھارتی میڈیا نے بھارتی سینئر آرمی افسروں کے حوالے سے بتایا کہ بھارت نے چارعمارتوں کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی ساختہ سپائس 2000 کا استعمال کیا۔سپائس 2000 60 کلومیٹر کے فاصلے سے 400 کلو گرام دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے جی پی ایس کی مدد سے آپریٹ کیاجاتا ہے.
ممکنہ طور پر بھارت کی جانب سے ہدف مقرر کرتے ہوئے غلطی ہوئی، کامیابی سے ہدف کونشانہ بنانے کی مہارت امریکہ اور آسٹریلیا نے بھی بڑی مشقت کے بعد حاصل کی ہے جس میں اب بھی غلطی کی گنجائش موجود رہتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے امریکی سیٹلائٹ کمپنی کی تصاویر شائع کرتے ہوئے بھی کہا تھا کہ تصاویر سے ثابت ہوتا ہے کہ بالاکوٹ میں کوئی عمارت نشانہ نہیں بنی۔